پریمی جوڑے کی خودکشی نے بڑا راز کھول دیا : محبت کا دردناک انجام

ہزاری باغ : بھارتی ریاست بہار میں محبت کرنے والے پریمی جوڑے نے ایک ساتھ اپنی جان دے دی، پورے گاؤں میں سنسنی پھیل گئی، پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر حقیقت بیان کردی۔

بھارت کے شہر ہزاری باغ (بہار) کے بڑکا گاؤں میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان پریمی جوڑے نے بظاہر ایک ساتھ مرنے کی شرط پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

تقریباً دس سال بعد گاؤں میں ایک بار پھر ہونے والی اسی نوعیت کی دل دہلا دینے والے واقعے نے علاقہ مکینوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

پنڈول گاؤں کے رہنے والے منٹو پانڈے (26 سالہ، ولد نریندر پانڈے) اور چندول گاؤں کی سلیکھا کماری (22 سالہ، ولد اشوک راجوار) نے ہفتے کی رات اپنی جان دے دی۔

سلیکھا کو تشویشناک حالت میں ہزاری باغ سے رانچی ریفر کیا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی، منٹو پانڈے بھی ہزاری باغ صدر اسپتال میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔

اہل خانہ نے بتایا کہ سلیکھا نے پہلے گھر والوں سے پیٹ درد کی شکایت کی تھی، بعد میں حقیقت سامنے آئی۔ دوسری جانب منٹو پانڈے کو آدھی رات کو الٹیاں آنے لگیں تو اس نے گھر والوں کو واضح طور پر بتادیا کہ اس نے اپنی جان دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

گزشتہ روز سلیکھا کی آخری رسومات کی تیاری کے دوران بڑکا گاؤں پولیس شمشان گھاٹ پہنچ گئی اور اس کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہزاری باغ بھیج دیا۔

منٹو پانڈے کی لاش بھی پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی گئی۔ بڑکا گاؤں پولیس کے مطابق یہ معاملہ واضح طور پر محبت کا ہے۔

عینی شاہدین اور گاؤں والوں کے مطابق منٹو پانڈے اکثر اپنے نئے مکان کی چھت پر چڑھ کر رات گئے تک سلیکھا کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کرتا تھا، شبہ ہے کہ دونوں نے اسی دوران اپنی جان دینے کا فیصلہ کیا ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں اس سے قبل سال 2016 میں بھی اسی گاؤں میں ایسی ہی ایک واردات ہوئی تھی، جب ساوتری کماری اور محمد جاوید کی لاشیں جنگل سے برآمد ہوئی تھیں۔

تقریباً دس سال بعد اسی گاؤں میں ایک اور عاشق جوڑے کی خودکشی نے لوگوں کو چونکا دیا ہے۔ علاقے میں اس افسوسناک واقعے کے بعد فضا سوگوار ہے اور دونوں خاندان صدمے میں ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More