جامعہ کراچی کی زمین واگزار کرانے کے حوالے سے بڑی پشرفت

کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں سنڈیکیٹ کاخصوصی اجلاس ہوا۔

سنڈیکیٹ کے اجلاس میں جامعہ کی قبضہ شدہ اراضی کو واگزار کرانے کی متفقہ منظوری دے دی گئی، اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا گیا کہ جامعہ کی زمینوں کو واگزار کرانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے گا اور ان کے تعاون سے یہ عمل یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں جامعہ کراچی کی زمینوں کے تحفظ کے لئے ایک ماہر اور تجربہ کار لیگل فرم کو ہائرکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے اور اراضی واگزار کرانے کے وسیع تجربہ کے حامل لیگل فرم کو ہائر کیا جائے گا۔

لیگل فرم کو جامعہ کی زمینوں سے متعلق تمام ضروری معلومات فراہم کرنے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

پانچ رکنی کمیٹی ڈاکٹر محمد قیصر، ڈاکٹر شعیب احمد صدیقی، ڈاکٹر صالحہ رحمٰن، سید جہانزیب اور آصف مختار پر مشتمل ہوگی۔

اجلاس میں جامعہ کی اراضی کی مستقل نگرانی کے لئے خصوصی سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔

جامعہ کراچی کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی اجلاس ہے جس کا مقصد جامعہ کی ایک ایک انچ زمین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی جانب سے جامعہ کی زمینوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اجلاس طلب کرنے کو لائق تحسین اور قابل تقلید قرار دیا۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جامعہ کراچی کی اراضی کو محفوظ بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور بالخصوص میڈیا کے کردار کو بے حد سراہا اور کہا کہ کسی بھی مافیا کو بے نقاب کرنے میں میڈیا کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More