یقین نہیں آرہا عمر شاہ آج ہمارے درمیان نہیں، باسط علی آبدیدہ ہوگئے

کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل کے جیتو پاکستان اور رمضان ٹرانسمیشن کے چائلڈ اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عُمر شاہ کے انتقال کی خبر ٹی وی ناظرین کو اداس کرگئی۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے دیگر شعبہ جات کے علاوہ کھیلوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی عمر شاہ کے اچانک انتقال کی خبر پر اپنے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں معروف تجزیہ نگار اور قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی اور عمر اکمل کے علاوہ اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی نے بھی اپنی گفتگو میں عمر شاہ کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کو یاد کرتے ہوئے ناظرین سے شیئر کیا۔

اس موقع پر تجزیہ نگار باسط علی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔

انہوں نے کہا کہ میرا اس بچے کے ساتھ بھی کچھ وقت گزرا تھا بہت پیارا اور معصوم بچہ تھا مجھے یقین نہیں آرہا کہ یہ اچانک یہ کیا اور کیسے ہوگیا، یہ کہتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے مرحوم عمر شاہ کے والدین اور دیگر عزیزوں کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔

عمر اکمل نے بتایا کہ یہ بچہ سارے گھروں کی طرح میرے گھر میں بھی بے حد پسندیدہ تھا میرے بچوں نے فون کرکے جب مجھے بتایا تو میں بھی سکتے میں آگیا کیونکہ اکثر ریکارڈنگ کے دوران عمر شاہ سے بات چیت ہوتی تھی۔ جب ہمارا یہ عالم ہے تو ذرا تصور کریں کہ اس کے والدین اور چچا تایا کا کیا حال ہوگا۔

صحافی اور تجزیہ نگار شاہد ہاشمی نے کہا کہ میری ان بچوں سے دفتر کے استقبالیہ پر اکثر ملاقات ہوجایا کرتی تھی بہت پیارے اور معصوم سی باتیں کرنے والے بچے ہیں عمر شاہ بھی بہت کیوٹ اور شرارتی سا بچہ تھا اللہ پاک اس کے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کو صبر عنایت کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More