پودوں کا انوکھا راز : بھنورے پھولوں تک کیسے پہنچتے ہیں؟ نئی تحقیق نے حیران کردیا

واشنگٹن : امریکی سائنس دانوں نے پودوں کے انوکھے راز انکشاف کیا ہے کہ بعض وہ پولینیشن کے لیے رنگ یا خوشبو کے بجائے حرارت کو بطور اشارہ استعمال کرتے ہیں۔

نئی تحقیق کے مطابق پودے اپنے رنگ یا خوشبو سے نہیں بلکہ مخصوص حرارت سے حشرات الارض کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ یہ طریقہ پودوں کی دنیا میں زر افشانی کی قدیم ترین حکمتِ عملیوں میں شمار ہوسکتا ہے۔

یہ حیران کن تحقیق معروف سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سائیکڈز نامی پودوں کی ایک قدیم قسم جو جراسک دور سے اب تک تقریباً بغیر کسی بڑی تبدیلی کے موجود ہے، اپنے مخروطی پھولوں میں باقاعدہ حرارت پیدا کرتی ہے۔

Plants

سائنسی تحقیق کے مطابق یہ حرارت ایک یومیہ قدرتی ردھم کے تحت بڑھتی اور کم ہوتی ہے، جس کے باعث مخصوص بھنورے ان پودوں کی جانب متوجہ ہوتے ہیں۔

نر کونز دوپہر کے بعد گرم ہونا شروع ہوتے ہیں، جبکہ مادہ کونز کچھ گھنٹوں بعد حرارت خارج کرتی ہیں۔ اسی ترتیب سے بھنورے نر کونز سے مادہ کونز کی طرف منتقل ہوتے ہیں اور زر افشانی کا عمل مکمل ہوجاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل بیرونی درجہ حرارت یا روشنی کے بجائے پودوں کے اندر موجود جینیاتی گھڑی کے ذریعے کنٹرول ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ’اے او ایکس ون‘ نامی جین پودے کی توانائی کو براہِ راست حرارت میں تبدیل کرتا ہے۔

دوسری جانب، بھنوروں کے اینٹینا میں موجود حساس سینسر ’ٹی آر پی اے ون‘ آئن چینل کے ذریعے حرارتی شعاعوں، یعنی انفراریڈ کو محسوس کرتے ہیں۔

پودوں کا قدیم نظام

اس طرح یہ پہلا موقع ہے کہ سائنس نے براہِ راست یہ ثابت کیا ہے کہ حرارت بھی پولینیشن کے عمل میں ایک مؤثر اشارہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں سائیکڈز کی صرف 3سو اقسام باقی رہ گئی ہیں، جن میں سے بیشتر کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے۔

مذکورہ تحقیق کی سربراہ وینڈی ویلینسیا مونٹویا کے مطابق یہ دریافت پودوں اور حشرات کے درمیان رابطے کے ایک بالکل نئے پہلو کو اجاگر کرتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب تک رنگ اور خوشبو کو ہی زرافشانی یعنی پولینیشن کے بنیادی ذرائع سمجھا جاتا تھا، مگر اب معلوم ہوا ہے کہ انفراریڈ حرارت بھی ایک خاموش مگر طاقتور اشارہ ہوسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More