امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لے کر رہیں گے، صدر ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شام میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لے کر رہیں گے،  پوری قوم ان عظیم محبِ وطن افراد کا سوگ منائے گی۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں دو امریکی فوجیوں اور ایک سویلین مترجم کی ہلاکت کے بعد اپنے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

 صدر ٹرمپ نے داعش کو خبردار کیا ہے کہ اگر اب امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تو سخت کارروائی کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ شام میں حملے میں تین عظیم امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسردہ ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شام کے شہر تدمُر میں امریکی فوجیوں پر فائرنگ واقعے پر صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ داعش سے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا جائے گا۔

میری لینڈ میں آرمی نیوی فٹبال میچ کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ پوری قوم تین عظیم محبِ وطن افراد کے غم میں سوگ منائے گی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایک مرد حملہ آور نے پالمیرا کے قریب امریکا اور شام کی افواج کے مشترکہ گشت پر فائرنگ کی تھی جس کے بعد اسے جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شامی فوج کے ایک عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب امریکی اور شامی فوجی داعش سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے ایک ملاقات میں موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More