ڈمپر نذر آتش : لیاقت محسود نے ہائی ویز بند کرنے کی دھمکی دے دی

کراچی : رامسوامی میں ڈمپر حادثے کے بعد اس کو آگ لگانے کیخلاف ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے رامسوامی میں ڈمپر کی ٹکر سے شوہر جاں بحق اور بیوی کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے ڈمپر کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔

حادثے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ رات 12بجے مجھے حادثے کی اطلاع ملی۔

میں نے ایس ایس پی کو فون کیا اور کہا کہ وہاں زیادہ سے زیادہ نفری بھیجو، ایس ایچ او کا فون آیا کہ یہاں آجاؤ قانونی کارروائی کرلیں گے، میں ایسوسی ایشن کے20سے25 ممبران کے ہمراہ موقع پر پہنچا۔

لیاقت محسود نے کہا کہ میں نے وہاں بیان بھی دیا کہ جو بچہ شہید ہوا ہے میں اس کے ساتھ ہوں، وہاں اس وقت 2 سے ڈھائی ہزار افراد جمع ہوگئے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے، آج دوپہر دھرنا دے کر 3 بجے سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے بند کردوں گا۔

قبل ازیں جائے وقوعہ پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود گارڈ کے ہمراہ پہنچے تو ٹریفک حادثے پرعوام کافی مشتعل تھے، جنہوں نے لیاقت محسود کی گاڑی کو چاروں جانب سے گھیرلیا اور پتھراؤ شروع کردیا۔

اس موقع پر لیاقت محسود کی گاڑی میں موجود ان کے ذاتی گارڈ نے عوام کا غصہ دیکھ کر ہوائی فائرنگ شروع کردی۔

مشتعل شہریوں نے لیاقت محسود کی گاڑی کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم لیاقت محسود جائےحادثہ سے فوری طور پر واپس روانہ ہوگئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لوگوں کو منتشر کردیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More