سعودی عرب : دنیا کا سب سے خوبصورت، منفرد اور معلق فٹبال اسٹیڈیم، ویڈیو

ریاض : سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ2034 کی میزبانی کے لیے دنیا کے سب سے جدید، منفرد اور حیرت انگیز اسکائی فٹبال اسٹیڈیم کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے نیوم سٹی میں دنیا کا پہلا “اسکائی اسٹیڈیم” بنانے کا منصوبہ بنایا ہے جسے زمین سے 350 میٹر (1 ہزار150 فٹ) اوپر معلق کیا جائے گا، اس میں 46 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

دنیا کا حیرت انگیز منفرد اور خوبصورت فٹبال اسٹیڈیم2032 کے قریب تیار ہوگا، جس میں فیفا ورلڈ کپ2034 کے کوارٹر فائنل تک میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ منفرد فٹبال اسٹیڈیم نیوم سٹی کے ’دی لائن‘ منصوبے کے اندر واقع ہوگا جو ایک مستقبل نما شہر ہے جس کی لمبائی 170 کلومیٹر، چوڑائی 200 میٹر اور اونچائی 500 میٹر تک ہوگی۔

سعودی حکام کے مطابق نیوم اسٹیڈیم گیارہ نئے اسٹیڈیموں میں سے ایک ہے جو آئندہ 8سالوں میں تعمیر کیے جائیں گے، جب کہ چار موجودہ اسٹیڈیموں کی ازسرِنو تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ’دی لائن‘ کے اندر ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل طور پر ماحولیاتی آلودگی سے پاک ہوگا، جہاں شہریوں کو سہولت دینے کے لیے آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ گاڑیاں اور پرسنل ریپڈ ٹرانزٹ نیٹ ورک پانچ افقی لائنوں پر چلیں گی۔

واضح رہے کہ مستقبل کا یہ جدید ترین شہر 2021 میں ولی عہد محمد بن سلمان نے متعارف کرایا تھا، جسے بغیر گاڑیوں، سڑکوں اور کاربن کے اخراج کے ایک ماحول دوست شہر کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس میں نو ملین افراد کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More