بھارت نے پیسے کی طاقت سے آئی سی سی اور کرکٹ کو تباہ کردیا، کرس براڈ

لندن : انگلینڈ ٹیم کے سابق اوپنر اور سابق میچ ریفری کرس براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسے کی طاقت سے بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ نے کرکٹ کو تباہ کردیا۔

یہ بات انہوں نے ٹیلی گراف کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، کرس براڈ نے الزام عائد کیا کہ آئی سی سی بھارت کے مکمل دباؤ میں ہے، میچ ریفریز کے اختیارات انتہائی محدود کردیے گئے ہیں، بدقسمتی سے وہ بھارت کے مفادات سے ماورا ہو کر فیصلے نہیں کر پاتی۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کرس براڈ نے کہا کہ موجودہ نظام میں میچ ریفریز بے اختیار ہو چکے ہیں، آج کا ریفری وہ خودمختاری نہیں رکھتا جو کبھی ہوا کرتی تھی کیونکہ بیشتر فیصلے بھارت کی کرکٹ طاقت اور مالی اثر کے تحت کیے جاتے ہیں۔

کرکٹ کے میدانوں میں 20 سال تک بطور میچ ریفری خدمات انجام دینے والے کرس براڈ نے اپنے ساتھ گزرے ہوئے معاملات سے متعلق بتایا کہ مجھ سے بھارت کیخلاف قواعد و ضوابط کے معاملے پر ہلکا ہاتھ رکھنے کا کہا گیا تھا۔

کرس براڈ نے بتایا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم اپنے مقررہ وقت سے 4 اوور پیچھے تھی جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ یقینی بنتا تھا، مجھےفون آیا اور کہا گیا کوئی حل نکالو کیونکہ یہ بھارتی ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کال موصول ہونے کے بعد ٹائم کیلکولیشن سے رعایت نکالی، اس کے بعد اگلے میچ میں بھی اوور ریٹ کا مسئلہ ہوا تو کہا گیا کہ صرف گنگولی کو سزا دیں پوری ٹیم کو نہیں۔

کھیل میں سیاست کافی حد تک شامل ہوچکی ہے، اب سیاسی پیچیدگیاں دیکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں،
مطمئن ہوں کہ اب آئی سی سی میچ آفیشلز کے پینل کا حصہ نہیں ہوں، اپنے کیریئر کے دوران بہت سے معاملات میں سیاسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More