ترکیہ میں ایک بار پھر خوفناک زلزلہ : عمارتوں کو شدید نقصان

استنبول : ترکیہ کے مغربی حصے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس کے جھٹکے دیگر صوبوں تک بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ترکیہ کے شہر بالکیسر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز سندرگی تھا جبکہ گہرائی تقریبا 6 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ ازمیر، استنبول، برسا اور دیگر صوبوں میں بھی محسوس کیا گیا۔

یاد رہے کہ اگست میں اسی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل ترکیہ میں 2023 میں آنے والے ہولناک زلزلے میں 55 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : استنبول زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا

یاد رہے کہ اس سے قبل 2 اکتوبر کو ترکیہ کے شہر استنبول میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق استنبول 5 عشاریہ 3 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے استنبول کی عمارتیں ہل گئیں تاہم بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ میئر استنبول کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فیلڈ ٹیمیں زلزلے کے اثرات کا معائنہ کررہی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ترکیہ بڑی فالٹ لائنوں میں شامل ہیں جہاں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں، رواں سال 28 ستمبر کو بھی استنبول سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More