انگور نے سب پھلوں کو پیچھے چھوڑ دیا، قیمت جان کر دنگ رہ جائیں گے، ویڈیو رپورٹ

پشاور : پاک افغان سرحد کی بندش کے بعد اشیائے خوردو نوش کی تجارت بھی بند ہوگئی ہے جس کے باعث پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، 400 روپے ملنے والا انگور 1500 روپے کلو تک پہنچ گیا۔

پاک افغان سرحد پر جاری کشیدگی کے باعث طورخم بارڈر کی بندش سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں، جس کا براہِ راست اثر مقامی منڈیوں پر پڑ رہا ہے۔

کشیدگی کے باعث طورخم بارڈر کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں اور تاجر سرحد کھلنے کے منتظر ہیں جبکہ تجارت تقریباً معطل ہوچکی ہے۔

طورخم، چمن، خرلاچی، اور انگور اڈہ پر سینکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں جن میں سے بعض گاڑیوں پر ایسی اشیا بھی لدی ہوئی ہیں جو خراب ہو رہی ہیں۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز چنیوٹ کے نمائندے غلام مرتضیٰ کی رپورٹ کے مطابق طورخم بارڈر بند ہونے کے بعد سندرخانی انگور کی فی کلو قیمت 400 روپے سے بڑھ کر 1500 روپے تک پہنچ گئی ہے

رپورٹ کے مطابق انار فی کلو 300 روپے سے بڑھ کر 600 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح سیب کی فی کلو قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ورلڈ بینک کی رواں سال ستمبر کے رپورٹ کے مطابق پہلے چھ ماہ میں افغانستان کی مجموعی درآمدات پچھلے سال کے چھ مہینوں کے مقابلے میں 50 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 54 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ عارضی ہے اور جیسے ہی سرحد کھلے گی، قیمتیں دوبارہ معمول پر آجائیں گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدہ ہوچکا ہے اور حکام کے درمیان تجارتی راستے کھولنے پر بات چیت جاری ہے۔ عوام کو توقع ہے کہ بارڈر کی بحالی سے نہ صرف پھلوں بلکہ دیگر روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More