سکھر : ظالم وڈیرے نے اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی، دردناک ویڈیو

سکھر : اندرون سندھ کے شہر سکھر کے علاقے سانگھڑ میں بااثر ظالم وڈیرے نے اپنے ساتھیوں سے مل کر اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی۔

اے آر وائی نیوز سکھر کے نمائندے سلیم سہتو کی رپورٹ کے مطابق سکھر کے علاقے صالح پٹ میں محض پانی پینے کیلیے آنے پر زمیندار نے اونٹنی کے بچے کی ٹانگ کاٹ دی۔

ان ظالموں نے نہ صرف اس بے زبان کو معذور کیا بلکہ زمیندار نے ٹانگ کاٹ کر اونٹنی کے بچے کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹتا ہوا لے گیا اور اپنی زمین سے باہر نکال دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اونٹنی کے مالک غلام مصطفیٰ نے متعلقہ تھانے میں اطلاع دی اور شکایت درج کراتے ہوئے اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے بااثر افراد محمد عمر، قربان بروہی اور رسول بخش نے میری اونٹنی کی ٹانگ کاٹی ہے۔

اونٹ مالک غلام مصطفیٰ کے بیان کے بعد سکھر پولیس نے واقعے کا مقدمہ مذکورہ افراد کیخلاف درج کرلیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم قربان بروہی کو گرفتار کرلیا دیگر دو کی تلاش بھی جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا انہوں نے کہا کہ بے زبان جانور کے ساتھ ایسا ظالمانہ سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کو اونٹنی کے فوری علاج کی ہدایت دی اور اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل شاہ نے اونٹنی کے مالک سے رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر مختیار کار کو جانوروں کے ڈاکٹر کے ساتھ بھیجا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More