سردیوں میں ہونٹ کس وٹامن کی کمی سے پھٹتے ہیں؟ ماہرین نے آسان علاج بتا دیا

سردیوں کے موسم میں سب سے زیادہ مسئلہ ان لوگوں کو ہوتا ہے جن کی جلد خشک ہوتی ہے، اس کے علاوہ بال روکھے اور ہونٹ پھٹنے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایسے میں اپنی جلد کے ساتھ ساتھ ہونٹوں کا خیال رکھنا بھی بےحد ضروری بن جاتا ہے کیوں کہ پھٹے ہوئے ہونٹ آپ کی شخصیت پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔

سردیوں کے موسم میں خشک جلد اور پھٹے ہونٹ ایک عام مسئلہ بن چکے ہیں، جس سے ہر عمر کے افراد متاثر ہوتے ہیں۔

عام طور پر اس کیفیت کو موسم کی سختی سے جوڑا جاتا ہے، تاہم ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس کی ایک اہم وجہ جسم میں غذائی اجزاء، خاص طور پر وٹامن بی 12 کی کمی بھی ہو سکتی ہے۔

LIPS

ماہرین کے مطابق جس طرح پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس جسم کے لیے ضروری ہیں، اسی طرح وٹامنز بھی صحت برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

جب جسم میں ان کی مقدار کم ہو جائے تو مختلف جسمانی مسائل جنم لیتے ہیں، جن میں سردیوں کے دوران ہونٹوں کا بار بار پھٹنا اور جلد کا خشک ہونا بھی شامل ہے۔

ہونٹ کس وٹامن کی کمی سے پھٹتے ہیں؟

اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والی ماہر امراضِ جلد ڈاکٹر آشا سکلانی کے مطابق وٹامن بی 12 کی کمی کی صورت میں ہونٹ زیادہ خشک ہو جاتے ہیں اور جلد میں دراڑیں پڑنے لگتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وٹامن بی 12 خون کے سرخ خلیات بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور اس کی کمی خون کی کمی، بے حسی، جھنجھناہٹ اور یادداشت کی کمزوری کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ وٹامن جسم میں ڈی این اے کی تیاری میں بھی مدد دیتا ہے۔

ڈاکٹر آشا سکلانی کا مزید کہنا ہے کہ ہونٹوں کی جلد نہایت نازک اور حساس ہوتی ہے، اور یہ جسم کے دیگر حصوں کے مقابلے میں موسم اور ماحولیاتی اثرات سے زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ سردیوں میں فضا میں نمی کم ہو جاتی ہے، جس کا براہِ راست اثر ہونٹوں پر پڑتا ہے اور وہ خشک ہونے لگتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس موسم میں لوگ عموماً کم پانی پیتے ہیں، جس سے جسم میں پانی کی کمی پیدا ہو جاتی ہے اور ہونٹوں کا مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

اس کے علاوہ بہت سے افراد ہونٹوں کی خشکی دور کرنے کے لیے انہیں بار بار چاٹتے ہیں، لیکن تھوک وقتی طور پر نمی دینے کے بعد ہونٹوں کو مزید خشک کر دیتا ہے۔

ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ سردیوں میں مناسب مقدار میں پانی پیا جائے، غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کی جائے اور وٹامن بی 12 کی کمی کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے تاکہ پھٹے اور خشک ہونٹوں کے مسئلے سے بچا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More