ہماری جیل میں سُرنگ ؟ اداکار اسرانی کی آخری دو فلمیں اُن کے بغیر ریلیز ہوں گی

ممبئی : اپنی شاندار اداکاری اور منفرد ڈائیلاگ ڈلیوری سے فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے بھارتی اداکار اسرانی کی دو فلمیں ان کی زندگی میں ریلیز نہ ہوسکیں۔

بالی وُوڈ کے ممتاز اور ہر دلعزیز اداکار اسرانی جو سنجیدہ کرداروں سے لے کر مزاحیہ کرداروں تک میں نکھار پیدا کرنے کا ہنر رکھتے تھے، گزشتہ روز اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ تقریباً 6 دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے 350 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی وفات کے بعد ان کی دو فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں جن کے نام ’بھوت بنگلہ‘ اور ’حیوان‘ ہیں۔

اداکار اسرانی

ان دونوں فلموں کی ہدایت کاری پریہ درشن نے کی ہے جبکہ مرکزی کردار میں اداکار اکشے کمار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔

اکشے کمار ان دنوں لندن میں موجود ہیں، انہوں نے اسرانی کے انتقال پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جذباتی پیغام لکھا کہ اسرانی جی کے دیہانت پر افسوس کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ ایک ہفتہ پہلے ہی ہم فلم حیوان کے سیٹ پر گرمجوشی سے ملے تھے، وہ بہت پیارے انسان تھے۔

ان کی مزاحیہ ٹائمنگ بے مثال تھی، ہیرا پھیری، بھول بھلیاں، بھاگم بھاگ، دے دنا دن، ویلکم اور اب ہماری دو نئی فلمیں بھوت بنگلہ اور حیوان، ان سب میں میں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا۔

یہ ہماری فلم انڈسٹری کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ خدا آپ کو سکون دے، اسرانی سر… آپ نے ہمیں لاکھوں بار ہنسنے کی وجہ دی۔

actor israni

یاد رہے کہ اسرانی نے 1967 میں فلم ہرے کانچ کی چوڑیاں سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، فلم شعلے میں ان کا جیلر کا کردار اور وہ یادگار مکالمہ کہ ’ہم انگریزوں کے زمانے کے جیلر ہیں!‘ یا ’ہماری جیل میں سُرنگ؟‘ آج بھی فلمی تاریخ کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں : بھارت کے سینئر اداکار اسرانی چل بسے

اداکار اسرانی آج اس دنیا میں تو نہیں البتہ وہ اپنے مداحوں کو ہمیشہ ہنساتے اور محظوظ کرتے رہے اور اب جانے کے بعد بھی اپنی آخری دو فلموں کی بدولت ایک بار پھر شائقین کے مسکرانے کی وجہ بنیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More