بنگلہ دیشی اوپنر سیف حسن کے بلند و بالا چھکے، لیکن پھر بھی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔!!

دبئی : ایشیا کپ 2025 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے اوپنر سیف حسن 51 گیندوں پر 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم ان کی یہ مشقت ٹیم کے کام نہ آسکی۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارتی ٹیم بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے سیف حسن 51 گیندوں پر 69 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے تاہم سیف کی تنہا جدوجہد کے باوجود اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ میچ کے دوسرے اوور میں تنزید حسن بُمراہ کی گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں صرف ایک رن پر شیوَم دوبے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں اوپنر سیف حسن کے ساتھ پرویز حسین ایمان نے شراکت داری بنانے کی کوشش کی، لیکن رنز سست رفتاری سے بنتے رہے اور جلد ہی پرویز بھی کلدیپ یادو کی گیند پر 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس صورتحال میں سیف حسن کی اننگز نمایاں رہی۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے متعدد چوکے اور چھکے لگائے، جن میں اکشر پٹیل کو لگنے والے دو بلند و بالا چھکے قابل دید ہیں۔

اس میچ میں انہوں نے مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی اور 51 گیندوں پر شاندار69 رنز بنائے جن میں 3 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔

اگرچہ سیف حسن کی اننگز کے دوران چار آسان کیچز ڈراپ ہوئے، لیکن 18ویں اوور میں وہ بُمراہ کی گیند پر اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

ان کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلادیش کی بیٹنگ لائن بری طرح بکھرگئی، اور آنے والے کھلاڑی دیکھتے ہی دیکھتے آؤٹ ہوتے چلئے گئے اور پوری ٹیم 127 پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت، بنگلادیش کو ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں‌ پہنچ گیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More