ویڈیو : رات کو سڑک پر اور دن میں درختوں کے سائے میں بیٹھتے ہیں، سیلاب متاثرین کی دلخراش کہانی

پنجاب میں سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہی اور بربادی نے غریب لوگوں کو کہیں کا نہ چھوڑا، سیلاب گھر اور فصلوں سمیت امیدوں اور سہاروں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر  لے گیا۔

سیلاب نے تمام شہروں کا نقشہ ہی بدل دیا ہے اور ہزاروں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، لوگ دربدر ہوگئے اور چپہ چپہ پانی میں ڈوبنے کے باوجود پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے، ان کی پوری زندگی کی جمع پونجی پانی برد ہوگئی۔

مظفر گڑھ میں دریائے چناب کے کنارے آباد تباہ حال بستی کی ایک رہائشی خاتون نے اپنے ٹوٹے ہوئے گھر کے اندر سے بچا کچا سامان نکالا جس میں جو اور گندم کے علاوہ درختوں کے بڑے بڑے پتے جنہیں خشک کرکے کام میں لایا جاتا ہے شامل تھے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے نوید کھوڑو سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی طوفان اور سیلاب آتے تھے پہلے کبھی اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا اس بار ہوا ہے ہماری سوچ سے بھی کہیں زیادہ تباہی ہوئی۔

گھر کی کوئی چیز نہیں بچی رات کو سڑک پر سو کر گزارا کرتے ہیں اور دن میں درختوں کے سائے میں بیٹھے رہتے ہیں۔ گھر میں چولہا تک نہیں بچا کہ اس پر کھانا بنا سکیں۔

سیلاب متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ حکومت صرف اعلانات کرتی ہے ہمارے مسائل حل نہیں کیے دو خاندانوں کو ایک خیمہ دیا ہے تاکہ دونوں لڑتے رہیں۔

جس کو بھی امداد ملتی ہے وہ ہم تک پہنچنے ہی نہیں دیتا، ان خشک پتوںسے چٹائی بنا کر بیچا کرتے تھے اب وہ پتے ملنا بھی مشکل ہیں۔

خاتون نے پر زور مطالبہ کیا کہ خدارا ہمارے گھر بنا کر دیے جائیں تاکہ سر چھپانے کی کوئی تو جگہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More