آئی فون 17 : ایپل کی نئی مصنوعات حیرت انگیز خصوصیات کی حامل

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آخر کار اپنے نئے آئی فونز، ایئرپوڈز اور اسمارٹ واچز متعارف کروا دی ہیں۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم ایپل پارک میں منعقدہ سالانہ تقریب میں آئی فون سیریز کا 17 واں ایڈیشن شاندار اور فخریہ انداز میں متعارف کروایا گیا۔

ایپل کے اس اہم ایونٹ میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون ایئر، ایپل واچ 11، ایپل واچ ایس ای 3، ایپل واچ الٹرا 3 اور ایئرپوڈز پرو 3 متعارف کروائے گئے۔

تقریب میں نئی مصنوعات کی رونمائی نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ ایونٹ کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی چیز تھی آئی فون 17 ایئر، جسے ایپل کے سی ای او ٹِم کُک نے گیم چینجر قرار دیا ہے۔ اُن کے مطابق یہ صرف ایک فون نہیں، بلکہ مستقبل کی جھلک ہے۔

ایپل کا دعویٰ ہے کہ آئی فون 17 سیریز کمپنی کی اب تک کی سب سے پائیدار، اسمارٹ اور طاقتور ڈیوائس ہے، جس کی قیمت 999 امریکی ڈالر سے شروع ہو رہی ہے۔

اس کی قیمت سن کر اگرچہ دل سا تھوڑا بیٹھ سا جاتا ہے مگر فیچرز دیکھ کر دل میں شوق پھر سے جاگ اُٹھتا ہے۔

بنیادی ماڈل میں نہ صرف ایک زیادہ روشن اور خراشوں سے محفوظ اسکرین شامل کی گئی ہے بلکہ اسکرین ٹیکنالوجی کو پریمیم کلاس قرار دیا جا رہا ہے، جو ہر روشنی میں چمکے گی اور دیکھنے والوں کو متاثر کرے گی۔

نئی ڈیوائس میں شامل اے19 پروسیسر چپ ایپل کی سب سے جدید ترین 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو نہ صرف فون کو رفتار میں راکٹ بنا دے گی بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے نئے فیچرز کو فوری، مؤثر اور سمارٹ انداز میں ہینڈل کرے گی۔

صرف آئی فون ہی نہیں، بلکہ ایونٹ میں ایئر پوڈز پرو کے اپ گریڈ ورژن اور ایک جدید اسمارٹ واچ بھی متعارف کرائی گئی، جس میں حیران کن طور پر بلڈ پریشر مانیٹرنگ فیچر شامل ہے یوں ایپل اب صرف فون نہیں بلکہ آپ کی صحت کا نگہبان بھی بنتا جا رہا ہے۔

کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل نے اس بار اپنی ڈیوائسز میں حقیقی جدت متعارف کروائی ہے، خاص طور پر اے آئی فیچرز اور پائیداری کے شعبے میں۔

لیکن تنقید کرنے والوں کا خیال ہے کہ ایپل ہمیشہ کی طرح اسمارٹ مارکیٹنگ سے اپنے پرانے فارمولے کو نئی چمک دے کر بیچ رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More