مرغی کے پنجوں کا سوپ بنانے کی آسان ترکیب، فوائد جان کر حیران رہ جائیں گے

موسم سرما کی آمد آمد ہے اور ایسے میں ہلکی ہلکی سردی کا مزہ لینے کیلیے سردیوں کی سوغات مرغی کے پنجوں کا سوپ بے حد مفید ہے جس کو بنانا بھی بہت آسان ہے۔

سوپ مختلف اقسام کی اشیاء سے تیار کیے جاتے ہیں جس میں چکن کارن ،مٹن، کیکڑے ، انڈے اور سبزیوں کے سوپ شامل ہیں۔ جو انتہائی مزیدار ہونے کے ساتھ کے غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔

ان ہی سوپوں میں ایک سوپ مرغی کے پنجوں کا بھی ہوتا ہے جو اکثر سردیوں کی راتوں میں شہر کے بازاروں میں فروخت کیا جاتا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد اسے شوق سے خرید کر پیتی ہے۔

اکثر لوگ مرغی کے پنجوں سے کراہیت محسوس کرتے ہیں اور ان کو ایک بے کار چیز سمجھتے ہیں اگر ان کو پتہ چل جائے کہ مرغی کے پنجوں میں موجود کولاجن کیسی کرشمہ صفت غذا ہے جس کے بنے کیپسول اور گولیاں آج کل انتہائی مہنگے داموں ملتے ہیں۔

یہاں یہ بات بتانا بھی ضروری ہے کہ کولاجن ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے، یہ جوڑوں کے درمیان موجود نرم ہڈی یعنی کارٹلیج کی مرمت و نشونما کرتا ہے۔

صحت کے لئے انتہائی مفید اور اہم مرغی کے پنجوں کے سوپ کی ترکیب کیا ہے؟ مندرجہ ذیل سطور میں اس کی تفصیل بیان کی جارہی ہے۔

سوپ بنانے کی ترکیب :

اجزا :

ایک کلو مرغی کے پنجے۔
ھلدی موٹی موٹی کوٹی ہوئی 50 گرام
پیاز درمیانی ایک عدد
لہسن کےجوے دس سے پندرہ عدد
ادرک چار انچ لمبا اور دو انچ چوڑا ٹکڑا کچلا ہوا
اجوائن ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ ثابت 15 دانے۔
نمک حسب ذائقہ

سب سے پہلے مرغی کے پنجوں کو اچھی طرح صاف اور دھونے کے بعد تقریبا” دو ڈھائی لیٹر پانی میں ڈال کر اس میں تمام مصالحے اور پیاز کاٹ کر ڈال دیں۔

درمیانی آنچ پر ڈھک کر ابالنے کے لئے رکھ دیں، جب پنجوں کا جوس خوب اچھی طرح نکل آئے اور پانی ایک لیٹر کے قریب رہ جائے تو چولہا بند کرکے دو گھنٹے کے لئے چھوڑ دیجئے تاکہ پنجوں کے اجزا یخنی میں خوب اچھی طرح جذب ہو کر گھل مل جائیں۔

دو گھنٹے بعد اس یخنی کو چھان لیجئے اب اس پر پسا ہوا گرم مصالحہ چھڑک کر گرما گرم نوش کیجئے۔ اگر آپ سبزی کے ساتھ سوپ بنا رہے ہیں تو سوپ پکنے کے آخری 20 منٹ میں سبزی ڈالیے۔ سبزی کو مکمل گھنٹے کے لیئے نہ پکائیے۔

اگر کوئی اناج سوپ میں شامل ہے جیسے مکئی ،جو، مونگ پھلی، بادام، اخروٹ، یا دیگر پھلیاں وغیرہ تو انہیں ابتداء میں ہی ساتھ ڈالا جا سکتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بدلتے موسم میں نزلہ، زکام، کھانسی، سینے کے بلغم، جوڑوں کے درد، پٹھوں کی کمزوری اور سردی سے بچاؤ کے لئے مرغی کے پنجوں کا سوپ انتہائی مفید ہے۔

سرد علاقوں میں بسنے والوں کے لئے یہ بہت بڑی نعمت ہے اور اگر پنجے دیسی مرغی کے دستیاب ہوں تو اس کے فوائد کئی گنا بڑھ جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More